بھٹکل:6؍ اکتوبر(ایس اؤ نیوز) اترکنڑا ضلع کی تقسیم کو لےکر ضلع نگراں کار وزیر شیورام ہیبار کا بیان آتے ہی لیڈران بھی بیانات دینا شروع کردئے ہیں۔ بھٹکل حلقہ کے سابق رکن اسمبلی اور کانگریس لیڈر جے ڈی نائک نے ضلع کی تقسیم کو لےکر بیان جاری کیا ہے اور اترکنڑا ضلع کو تقسیم کرتے ہوئے گھاٹ کے اوپر والے تعلقہ جات پر مشتمل ایک ضلع اور ساحلی پٹی کے تعلقہ جات کو ملا کر دوسرا ضلع تشکیل دینےکی حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی کے پیش نظر پھیلے ہوئے ضلع کو تقسیم کرنا بہتر ہے، چونکہ سرسی میں کئی تجارتی مرکز بھی ہیں تو سرسی کو ہی گھاٹ کے اوپر کا ضلع مرکز بنا سکتے ہیں۔ اسی طرح ساحلی پٹی کے پانچ تعلقہ جات کو ملا کر ایک ضلع بنائیں اور اس کےلئے کمٹہ کو ضلعی مرکز بنایا جائے تو سبھی اتفاق بھی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سب سےپہلے دو ضلعوں کی تشکیل کےلئے قدم بڑھائیں۔ سابق رکن اسمبلی اور ، کانگریس لیڈر جے ڈی نائک نے کہاکہ چھوٹے چھوٹے اضلاع کی تشکیل ہوتی ہے تو تیزرفتاری کے ساتھ ترقی ہوگی۔